ایم این اے سلیم الرحمان کا شگئی کے لوگوں کو سیاسی لالی پاپ، سوئی گیس منصوبہ تین مہینے بعد بھی شروع نہ ہوسکا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ایم این اے سلیم الرحمان کی جانب سے شگئی سیدو شریف میں سوئی گیس منصوبے کی منظوری کو تین مہینے گزر گئے ابھی تک علاقے میں کھدائی بھی نہ ہوسکی۔علاقہ کے لوگوں نے منصوبے کی منظوری کو سیاسی لالی پاپ قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق 2 جنوری کو یونین کونسل سیدو شریف شگئی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ایم این اے سلیم الرحمان کی ہدایت پر پی ایس خلیل احمد،نعیم خان خانی اور صلاح الدین یوسفزئی نے سوئی گیس اور بجلی سکیم کی منظوری دی تھی ۔ (خبر جاری ہے )
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ تین مہینے ہوگئے ابھی تک علاقے میں گیس پائپ لائن کے لئے کھدائی بھی نہ کی جا سکی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ دو تین دن میں منصوبے پر کام کا آغاز ہوگا لیکن ابھی تک وہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، علاقہ عمائدین کا کہنا ہے کہ بار بار ہمیں سیاسی لالی پاپ دیا جاتا ہے جبکہ اب تو صاف صاف کہہ دیا گیا ہے کہ یہ کام ابھی نہیں ہوسکتا کیونکہ پائپ کی شدید قلت ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ زبانی جمع خرچ اور جھوٹے وعدوں سے ہمیں مطمئین کیا جاتا رہا لیکن اب ہم مزید دھوکے میں نہیں آنے والے، گیس کی فراہمی کے لئے ہم شدید احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔