ایم پی اے فضل حکیم کا مینگورہ پولیس اسٹیشن کا دورہ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے تھانہ سٹی مینگورہ کا اچانک دورہ کیا، ڈی ایس پی سٹی دیدار غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر فضل حکیم خان نے پولیس سٹیشن کے ریکارڈ کا معائنہ کیااور دیگر امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی نے چیئرمین ڈیڈیک سوات کو موجودہ تھانہ کلچر پر بریفنگ دی اور بتایا کہ سائنسی بنیادوں پر آپریشنل اور انوسٹی گیشن پولیسنگ کی وجہ سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔
فضل حکیم خان یوسفزئی نے پولیس سٹیشن میں خدمات کی فراہمی اور دیگر امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت اسی لئے ختم کی تاکہ ادارے مضبوط ہوں اور میرٹ پر عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب پولیس ایک پروفیشنل فورس بن چکی ہے اس مقصد کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں پولیس کو سیاسی مداخلت اور ہر قسم کے اثر و رسوخ سے آزاد کیا پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے پولیس کو آئیڈیل ماحول دیا تاکہ پولیس پر عوام کا کھویا ہوا اعتماد بحال کیا جا سکے۔