ایکسپریس وے متاثرین نے سیکشن فور مسترد کردیا،اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )سوات کے علاقہ بانڈئ اور ننگولئی میں زرعی زمینوں کے مالکان نے سکشن فور کو مسترد کرتے ہوئے اسمبلی کے سامنے احتجاج اور عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا،اپنی زرخیز زمینوں پرکسی بھی صورت موٹرتعمیر نہیں ہونے دیں گے،دریاسے کئی کلومیٹر دور زیرکاشت زمینوں کے بیچ وبیچ ٹیڑھی میڑھی موٹروے تعمیر کرنے کیلئے بنایاگیانقشہ سمجھ سے بالاتر ہے،ان خیالات کااظہاربرہ بانڈئ اور ننگولئی کے اراضی مالکان نے کیاہے،اس موقع پرتحصیل کبل کے اسسٹنٹ کمشنر نے زمینوں کا معائنہ کرکے مالکان کی تحفظات سے آگاہی حاصل کی،مالکان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے فیزٹومیں بننے والی موٹروے کیلئے ان کی زرعی زمینوں پر سکشن فور لگاکر اس کا نقشہ بھی تیار کرلیا ہے جس کے مطابق یہ ٹیڑھی میڑھی سڑک علاقہ چکدرہ سے ہوتی ہوئی فتح پور تک بنائی جائے گی جس کی زد میں ہماری یہ زرخیز زمینیں بھی آئیں گی جو نہ صرف ان علاقوں کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتی ہیں بلکہ اس سے یہاں کے سینکڑوں خاندانوں کا رزق بھی وابستہ ہے جو ان کا واحد ذریعہ معاش ہے اور سکشن فورلگنے کے بعد مالکان اور ان زمینوں میں کاشتکاری کرنے والے افرادمیں شدید بے چینی اور تشویش پھیلی ہوئی ہے،ہم نے پہلے بھی کہاتھا اور اب بھی کہہ رہے ہیں کہ ہم ترقی کے خلاف نہیں،حکومت ہماری زمینوں پر لگائی گئی سکشن فور ہٹاکردریائے سوات کے کنارے موٹر وے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنائے جس سے اگر ایک طرف ان زمینوں پر اگنے والی فصلوں کی شکل میں یہاں کے ہزاروں افراد کا ذریعہ معاش متاثرہونے سے بچ جائے گا تو دوسری طرف سیاحت کو فروغ بھی مل سکے گا،انہوں نے کہاکہ اگر ہمارایہ جائز مطالبہ فوری طور پر تسلیم نہ کیاگیا تو اسمبلی کے سامنے احتجاج کے ساتھ ساتھ عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔