باجوڑ: بارش سے مکان کی چھت گرنے پر 2 سالہ تمیمہ جاں بحق، 4 افراد زخمی

باجوڑ: ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے باٹوار کاریبنڑ میں حالیہ بارشوں کے باعث مکان کے ایک کمرے کی چھت گرنے سے 2 سالہ بچی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے باجوڑ کے مطابق حادثہ نیاز محمد ولد غلام خان کے گھر میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث کمرے کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔ حادثے کے وقت گھر کے افراد کمرے میں موجود تھے، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 سالہ تمیمہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
حادثے میں گھر کے مالک نیاز محمد (60 سال)، زوجہ سعد اللہ (28 سال)، زوجہ ادریس (27 سال) اور زوجہ نیاز محمد (55 سال)زخمی ہوگئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاقے کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد اور ریلیف فراہم کیا جائے۔



