آج کی خبریںسوات کی خبریں

بخت رحمان کی شخصیت کا استحصال،تین افراد گرفتار، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر جیل روانہ

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوشل پلیٹ فارمز پر سپیشل پرسن بخت رحمان کی شخصیت کا  استحصال کرنے اور نامناسب مواد شائع کرنے اور مذاق اڑانے  پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ/ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے پابند سلاسل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ تحصیل خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے افتخار، سعیداللہ اور گل سعید کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بخت رحمان کی تذلیل کرنے اور عوام میں اضطراب پیدا کرنے اور امن و امان کا مسلہ پیدا کرنے پر بونیر جیل بھیج دیا گیا ہے جہاں وہ 30 دنوں تک پابند سلاسل رہیں گے۔ دوسری جانب ضلع میں کسی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بخت رحمان سے متعلق کسی بھی قسم کی نامناسب حرکت پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد  کردی گئی ہے۔حکم نامے میں ایسی حرکات کو نامناسب، سماجی اقدار کے منافی اور استحصال گردانتے ہوئے عوام کے لئے کوفت کا سبب قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ عوامی حلقوں میں اس ضمن میں کافی تشویش اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی شخص کی شخصیت کو کسی بھی طریقے سے تذلیل کا نشانہ بنانا اور کسی بھی وجہ سے کم تر اور معزوب ٹہراتے ہوئے اس سے اخلاق سے گری ہوئی حرکت کرنا یا کروانا قانونی طور پر جرم ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا کہ اسی بناء پر 60 دنوں کے لئے دفعہ لاگو کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں سوشل پلیٹ فارمز پر ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس کو بخت رحمان سے جڑی تمام مواد ہٹانے کے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں۔ حکم نامے کی خلاف ورزی پر سیکشن 188 پی پی سی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related Articles

Loading...
Back to top button