بریکوٹ: ناواگئی میں ڈاٹسن حادثہ، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی
بریکوٹ (زما سوات): تحصیل بریکوٹ کے علاقے ناواگئی میں ایک ڈاٹسن گاڑی حادثے کا شکار ہو کر پل سے نیچے جاگری، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈاٹسن گاڑی چارباغ کے علاقے ماکٹ سے بونیر کی طرف جا رہی تھی۔ ناواگئی کے مقام پر گاڑی بے قابو ہوکر پل سے نیچے جاگری۔ حادثے میں دو افراد، رحیم زادہ اور نیک زادہ، موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور، محمد اسلام، شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق چارباغ کے گاؤں ماکٹ سے بتایا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔ مزید شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
حادثے کے بعد لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر بریکوٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔