آج کی خبریںسوات کی خبریں

بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس، سیاسی جماعتوں کے نامزد اور آزاد امیدواروں کی شرکت

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی زیر صدارت ڈی پی اُو آفس سیدو شریف میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے تحصیل اُمیدواروں کے ساتھ الیکشن کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے نامزد اور آزاد اُمیداروں سمیت ضلعی پولیس کے افسران شریک ہوئے۔ایس پی سپیشل برانچ پیر زر باچااور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن سوات سلیم اللہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اُمیدواروں کی جانب سے مختلف امور سے متعلق تجاویز بھی نوٹ کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ زاہد نواز مروت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے ہیں تاکہ امیدوار اور ووٹرز اپنا آئینی حق اور ذمہ داری بہتر ماحول میں سرانجام دیں۔ اجلاس سے خطاب میں ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران اور پولنگ ڈے پر کسی بھی قسم کے ہتھیار،اسلحہ آتشین کی نمائش، آتش بازی کی اجازت نہیں ہوگی اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹی امیدوار و کارکنان اپنے سپورٹرز کو ہدایات دیں کہ وہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ کارنر میٹنگ کے لئے سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے موضوع جگہ کا انتخاب کیا جائے اور میٹنگز کے انعقاد سے کم از کم دو دن پہلے ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ ڈی پی او آفس کو مطلع کیا جائے تاکہ بروقت سیکورٹی کا انتظام کیا جاسکے۔انہوں نے تاکید کی کہ ورکرز اور سپورٹرز کمپین کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں اور بحث و تکرار نہ کرنے اور دوسروں سے الجھنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوات پولیس ہر قسم حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کے تمام تر سیکورٹی انتظامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں اور جہاں بھی اُمیدواروں اور عوام کو مسئلہ ہو تو مجھ سے براہ راست میرے ذاتی نمبر یا دفتر سے رابطہ کریں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن سوات سلیم اللہ نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کو ضابطہ اخلاق سے متعلق مختلف پہلوؤں پر آگاہ کیا۔اجلاس کے آخر میں ڈی پی اُو سوات زاہد نواز مروت نے تحصیل اُمیدواروں کا اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ تمام اُمیدواران بلدیاتی الیکشن میں ضلعی انتظامیہ اور سوات پولیس سمیت تمام اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کرینگے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔ اجلاس میں شریک تمام اُمیدواروں نے الیکشن کے دوران ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس و دیگر تمام اداروں کے ساتھ بھر تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہنا تھا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

Related Articles

Loading...
Back to top button