بھارتی فوج کی 24 گھنٹوں کے دوران متعدد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیز فائرمعاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں کی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول کے ساتھ شاردہ، شاہ کوٹ، ڈھڈیال سیکٹر پر بلااشتعال گولہ باری کی گئی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی اشتعال انگیزی سےچھری بسن والی گاؤں کی بچی سمیت 4 افرادزخمی ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق 2020 میں بھارتی فوج اب تک 708 بار سیز فائز معاہدے کی خلاف ورزی کر چکی ہے ۔ چند روز قبل بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرا یا تھا۔