بہت جلد قوم کو ان نا لائق حکمرانوں سے نجات مل جائے گی،امیرمقام
پشاور(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس حساس نوعیت کا معاملہ ہے، روزانہ کی بنیاد پر اس کی سماعت ہونی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، عمران نیازی کیس پر اثرانداز ہونے اور رکاوٹیں کھڑی نہ کریں تاکہ اصل حقیقت قوم کے سامنے لائی جا سکے،
موجودہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور بہت جلد قوم کو ان نا لائق حکمرانوں سے نجات مل جائے گی، وہ گزشتہ روز ضلع بونیر ریگا میں لیگی رہنما سالار خان کے چچی کی وفات پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ ن انجینئرامیرمقام نے کہا کہ پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہیں دشمن ممالک سے فنڈنگ کی گئی ہے لہذا اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہئے تاکہ قوم کے سامنے حقیقت لائی جا سکے اور یہ بہت حساس نوعیت کا معاملہ ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی کو مستعفی ہو جانا چاہئے تاکہ شفاف تحقیقات پر وہ اثر انداز نہ ہو سکے دوسروں کی تلاشی کی بات کرنے والے اور سیاسی مخالفین کی پگڑیاں اچھالنے والے اب خود اپنی تلاش دیں تاکہ اُن کا چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو سکے،
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد قوم کو ان نالائق حکمرانوں سے چھٹکارا مل جائے گا، میاں نواز شریف کی صحت بحال ہوتے ہی وہ دوبارہ آئیں گے اور یہاں کے عوام کے ساتھ ہونگے، پاکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایک دفعہ پھر ن لیگ اقتدار میں ملک کو ترقی کے دھارے میں شامل کرے گی۔