تیمرگرہ میں کمسن بچی اغواء، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی

تیمرگرہ (زما سوات) تھانہ تیمرگرہ کی حدود میں کمسن بچی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اغواء کر لیا۔ پولیس کے مطابق آج دوپہر تقریباً 12:30 بجے گلو شاہ تیمرگرہ کی دو کمسن بچیاں گھر سے نکلی تھیں، جن میں سے ایک بچی دعا رحمن کو تیمرگرہ بازار کے قریب سے موٹر سائیکل سوار نے اغواء کیا۔ دوسری بچی نے گھر پہنچ کر اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کیا۔
ڈی پی او لوئر دیر تیمور خان PSP کی ہدایت پر فوراً مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور بچی کی بازیابی سمیت ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق کمسن بچی کے اغواء میں ملوث نامعلوم ملزم کی تصاویر بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ ڈی پی او لوئر دیر نے عوام سے ملزم کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص ملزم کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کرے گا، اس کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ واقعے سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں تاکہ بچی کی جلد بازیابی ممکن ہو سکے۔



