جماعت اسلامی کا مقصد پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے،مشتاق احمد خان
سوات ( زما سوات ڈاٹ کام ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سعودی آرمی چیف کے دورہ بھارت میں یادداشت پر دستخط کے موقع پر دیوار پر آویزاں 1971ء کے سرینڈر دستاویز پر دستخط کی تصویر سے بھارت مسلم دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔ امت مسلمہ کے حکمران آج سلطان ٹیپو کی ریاست میسور (کرناٹک) میں مسلمان بچی مسکان سمیت دیگر بچیوں کو پردے سے روکنے کے بھارتی عمل پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مسلم حکمران مغربی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ ٹرانس جینڈرز حقوق بل خاندانی نظام کو تباہ کرنے، مرد کی مرد اور عورت کی عورت سے شادی کے لئے راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔ اس بل سے مسلمان خواتین کا تقدس پامال ہوگا۔ انسداد جبری تبدیلی مذہب کی مخالفت دلیل سے کی ہے۔ اسلام کسی جبر یا جبری طور پر اسلام قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام قبول کرنے کے لئے عمر کی شرط رکھنا غلط ہے۔ وقف پراپرٹی بل مساجد و مدارس کے خلاف ہے۔ قرآن و سنت سے تعلق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک قرآن و سنت سے مضبوط تعلق اور قرآن و سنت کو سمجھنے والوں کو اقتدار کی مسند پر نہیں بٹھاتے، امت محکوم رہے گی۔ دین اسلام کے قیام کی جدوجہد جہاد کبیر ہے۔ ہر شخص کو اپنی حدود کے اندر اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن اوڈیگرام میں ختم القرآن و تکمیل مشکوٰۃ شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیآ۔، اس موقع پر جماعت اسلامی سوات کے امیر حمید الحق، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد فاروق، منگورہ شہر کے امیر و امیدوار سٹی مئیر محمد امین، شیخ الحدیث جامعہ حقانیہ سنگوٹہ مولانا سید محمود فاروقی، مہتمم جامعہ ہٰذا مولانا نور محمد سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں چھ کروڑ انسانوں کو قتل کرنے والے آج اپنے مفاد اور امت مسلمہ کے خلاف متحد ہو چکے ہیں لیکن امت فرقوں، مسالک، ذاتوں اور قبیلوں میں بٹی ہوئی ہے۔ امت مسلمہ کو بھی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ جب تک متحد نہیں ہوتے کسی پر بھی غلبہ حاصل نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے مغرب کی ایماء پر مدارس اور مساجد کو نشانے پر لے رکھا ہے۔مدارس اسلامی تہذیب کے مراکز اور ہمارے دفاعی قلعے ہیں۔ مدارس کے خلاف دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے۔ اس کے لئے ہر ممکن کوشش اور جدجہد جاری رکھیں گے۔