حکومت نے غلط پالیسیوں اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ایک ماہ کے اندر ہی عوام کی چیخیں نکال دیں،وقار خان
کبل (زما سوات ڈاٹ کام ، 06 اکتوبر 2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ پی کے سات وقار خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے غلط پالیسیوں اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ایک ماہ کے اندر ہی عوام کی چیخیں نکال دی، شدید مہنگائی کے دوران دو وقت کی روٹی کے لئے ترسنے والے غریب عوام سے چندہ مانگ کر زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے ،حکومت چلانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں شیخ چلی کے طرح خیالی پلاؤ پکانے والے بری طرح ناکام ہوچکے ہیں الیکشن کے دوران سبز باغ دکھانے والوں کی صفر کارکردگی کی وجہ سے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے متحدہ اپوزیشن عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کا چہرہ بے نقاب کریگی، جبکہ عوام 14اکتوبر کو اپنا قیمتی ووٹ لالٹین کے حق میں استعمال کرکے حکمران پارٹی کا وہ حشر کرینگے جو 2015 کے بلدیاتی انتخابات میں کیا تھا ان خیالات کا اظہار اے این پی کے مرکزی جائنٹ سکریٹری خان نواب،نامزد امیدوار وقار خان،پی ایم اے پی کے خورشید کاکاجی،جماعت اسلامی کے محمد ذادہ،جے یو آئی کے رفیع اللہ ،پی پی پی کے احسان اللہ شاہ،پی ایم ایل ن کے سیراج ممبر،اکبر شاہ،شیر احمد،شوکت خان،ابراہیم شاہ،سید باچا اور دیگر نے ضمنی الیکشن حلقہ پی کے 7کے حوالے سے توتانوبانڈئی میں خورشید خان کے رہائش گاہ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی کامیاب اجتماعات کو دیکھ کر حکومتی پارٹی کے اوسان خطا ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں نے پوری قوم کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے اسی وجہ سے لوگ حکومتی پارٹی کو چھوڑ کر دیگر پارٹیوں میں شامل ہورہے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ 14اکتوبر کو متحدہ اپوزیشن کے تمام کارکنان اپنا قیمتی ووٹ لالٹین کے حق میں استعمال کرکے بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے ۔