دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو حمایت حاصل نہیں ہوگی، ہوٹلز ایسوسی ایشن سوات

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت سے ہوٹلز ایسوسی ایشن سوات کے صدر حاجی زاہد خان کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں، تاکہ دریا کے بہاؤ اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔
ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی زاہد خان نے کہا کہ دریا کے کنارے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان کو کسی قسم کی حمایت حاصل نہیں ہوگی، اور تنظیم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی۔
ملاقات کے دوران منگورہ شہر میں ٹریفک کے مسائل، صفائی کی صورتحال اور سیاحتی علاقوں میں سہولیات کی بہتری سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔



