دل کا دورہ پڑنے سے کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی، مصنوعی تنفس پر منتقل،آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار، دعاؤں کی اپیل
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔حسن نواز نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی طبیعت اب بہتر ہے، انہیں 24 گھنٹے میں پہلا دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لایا گیا، اب تک ان کے اعضا مشین پر ہیں۔
حسن نواز نے بتایا کلثوم نواز کو اندرونی بلیڈنگ نہیں ہوئی جس پر ڈاکٹرز مطمئن ہیں تاہم وہ اب تک بے ہوش ہیں، ہم سب ان کی صحت یابی کےلیے دعاگو ہیں اور قوم سےبھی دعاؤں کی اپیل کرتے ہیں۔کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ کو اُس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا، جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔مریم نواز نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ اب آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں، ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔واضح رہے کہ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم کے ساتھ گزشتہ روز لندن پہنچے تھے۔نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیاگیا۔لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے اسپتال گئے، جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔
ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز اسپتال سے روانہ ہوگئے۔ روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔قوم سے دعاؤں کی اپیلشریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کے لیے دعائیں کررہا ہے۔انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔
خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔