آج کی خبریںسوات کی خبریں

دینی مدارس کے طلباء پاکستان کے نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، مشتاق احمد خان

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلباء پاکستان کے نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں،پاکستان کی ترقی و استحکام میں دینی مدارس کا کردار ناقابل فراموش ہے۔اس وقت پاکستان کی اسلامی شناخت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ قرآن کریم، ناموس رسالت، عقیدہ ختم نبوت، مساجد و مدارس، علوم نبوت کی اشاعت کے ادارے اور مسجد اقصیٰ ہمارے لئے سرخ لکیریں ہیں، ان کو پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ مسجد اقصیٰ کے معاملے پر اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیکے جارہے ہیں، مسجد اقصیٰ امت مسلمہ کی میراث اور پیغمبروں کی امانت ہے اسے یہودیوں کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ کشمیر میں ہزاروں نوجوانوں نے قربانیاں پیش کی ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں نے اس مسئلے پر بھی چپ سادھ لی ہے۔ کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ امت مسلمہ وسائل سے مالا مال ہے لیکن دیانتدار قیادت سے محروم ہے۔صالح حکمران ملے تو امت مسلمہ چند سالوں میں سپر پاؤر بن جائے گی۔پاکستان کی اسلامی شناخت کی حفاظت، زکوٰۃ کے نظام کا قیام، سود کا خاتمہ اور امت مسلمہ سے تعلقات دستور میں شامل ہیں۔ ہم ان کی حفاظت کریں گے۔ قرآن سے وابستہ ہونے اور گھروں کو قرآن کے مراکز بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ صراط الجنۃ بلوگرام ضلع سوات میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع سوات حمید الحق، مہتمم جامعہ حقانیہ سنگوٹہ مولانا شیرزادہ، مہتمم جامعہ صراط الجنۃ صاحب احمد میدانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء اور طالبات میں اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں 73کروڑ مسلمان ان پڑھ ہیں جو کتاب وقلم سے بے خبر ہیں جس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری ہے۔ مساجد ومدارس کیساتھ تعلق جوڑنے سے ہی ہم فلاح پاسکتے ہیں۔ مدارس امیدوروشنی کی واحد کرن ہیں۔اغیاروطاغوتی قوتیں مدارس وعلماء کرام کے خلاف سوشل میڈیاکے ذریعے نفرتیں وتعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں علماء کرام دین اسلام کی بنیاد اور جڑ ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ فتنہ وفساد کے دور میں ہمیں مدارس کے ساتھ رابطہ جوڑ کر ان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنا ہوگا۔اگر ہم نے مدارس کے ساتھ اپنا رابط نہیں جوڑاتو پھر معاشرے میں مزید بگاڑ پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کی جاگیر اور اثاثہ ہے، ہمارے حکمرانوں نے فلسطین کا سودا کیا ہوا ہے اور وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہوئے ہیں مگر ہم حکمرانوں کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button