آج کی خبریںسوات کی خبریں

روڈ حادثے میں زخمی نوجوان کی موت، ہسپتال میں ہنگامہ آرائی، ڈاکٹر پر تشدد اور تنازع شدت اختیار کر گیا۔ 

سوات (زما سوات): تحصیل مٹہ کے علاقے گوالیرئی کے نوجوان ذولقرنین کی روڈ حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دوران علاج موت واقع ہو گئی، جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ نوجوان کی موت پر لواحقین نے مبینہ طور پر اسپتال کے ڈاکٹر پر تشدد کیا، جبکہ پولیس نے ڈاکٹر کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

ڈاکٹرز کی تنظیم نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس نے دوران ڈیوٹی ڈاکٹر کو گرفتار کیا اور لواحقین نے ان پر حملہ کیا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)، ان ڈیوٹی ڈپٹی ایم ایس (ڈی ایم ایس) کیجولٹی کو تبدیل کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی تنظیم نے سیدو شریف تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں ضلع بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹرز تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ پیر سے تمام آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈیز) بند رکھے جائیں گے اور لواحقین کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب سیدو شریف پولیس نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر کو مشتعل افراد سے بچانے کے لیے سرکاری گاڑی میں باعزت طریقے سے تھانے منتقل کیا اور کسی قسم کی حراست میں نہیں رکھا۔ پولیس کے مطابق، نوجوان کی موت پر لواحقین شدید مشتعل تھے، اور ان کے اصرار پر صرف ایک روزنامچہ رپورٹ درج کی گئی تاکہ معاملہ مزید نہ بگڑے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button