آج کی خبریںسوات کی خبریں

زما سوات ڈاٹ کام پر غیر مقامی گداگر خواتین کیخلاف خبر شائع ہونے  پر سوات پولیس کا فوری ایکشن، متعدد گداگر خواتین گرفتار

سوات: زما سوات ڈاٹ کام پر مختلف جرائم میں ملوث غیر مقامی خواتین کے حوالے سے خبر شائع ہونے کے بعد ڈی پی او سوات ناصر محمود کی ہدایت پر وومن پولیس اسٹیشن نے مینگورہ شہر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد پیشہ ور گداگر خواتین کو بچوں سمیت گرفتار کرلیا۔

عوامی شکایات کے مطابق، یہ خواتین محض بھیک مانگنے تک محدود نہیں بلکہ چوری، جیب تراشی اور دیگر جرائم میں بھی ملوث پائی گئی ہیں۔ مختلف علاقوں میں یہ خواتین بھیک کے بہانے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو کر غیر قانونی سرگرمیاں کرتی تھیں، جس پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

گرفتار ہونے والی خواتین میں مقامی اور غیر مقامی گداگر شامل ہیں، جن کا تعلق سوات، گوجرانوالہ، کوئٹہ اور پشاور سے ہے۔ پولیس نے ان کے خلاف وومن پولیس اسٹیشن میں گداگری ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔

پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور گداگروں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے کو دیں۔ سوات پولیس نے واضح کیا ہے کہ گداگری کے نام پر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button