سابق وزیر اعلیٰ محمود خان مٹہ پہنچ گئے، علاقہ عمائدین کی جانب سے پرتپاک استقبال
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سابق وزیر اعلی اور وائس چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین محمود خان نے بدھ کے روز اپنے آبائی گاؤں مٹہ کا دورہ کیا۔مٹہ پہنچنے پر عمائدین علاقہ اور کارکنوں نے ان کاپرتپاک استقبال کیا۔محمود خان نے عمائدین علاقہ اورکارکنوں کو ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب بھی دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ محمودخان نے عمائدین علاقہ اور کارکنوں کاپرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وہاں موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ بحثیت وزیر اعلیٰ میں نے سوات کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کے منصوبے منظور کرکے سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،
سوات کی ترقی کے لئے جو تاریخی اقدامات کئے ماضی میں کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں کئے ہوں گے، علاقے میں سڑکوں کا جال بچھا کر نہ صرف سیاحت کو فروغ دیابلکہ مقامی لوگوں کو آمدورفت میں بھی آسانی فراہم کی گئی، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میرا احترام کا رشتہ ہے،ماضی پر بات نہیں کرنا چاہتا، محمود خان نے کہا کہ ہم نے اپنی پارٹی بنائی ہے اور ہمارا منشور صوبے کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا ہے، جمعیت علماء اسلام ف کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمان نے مٹہ ورکر کنوینشن میں عالم دین ہونے کے باوجود جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کیا،مولانا عطاء الرحمان نے جھوٹ بول کر کہا تھا کہ محمود خان نے پارٹی میں شامل ہونے کے لیے رابطہ کیا تھا جس میں کوئی صداقت نہیں، عالم دین ہوتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈا کرکے ان کو شرم آنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاست اسلام کے بجائے اسلام اباد تک محدود ہے، مولانا عطاء الرحمان کے جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈے کی سختی سے ترید کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں پی ٹی ائی پی صوبے میں حکومت بنائے گی، پی ڈی ایم نے سولہ مہینوں میں صوبے کو معاشی بدحالی کا شکارکیا، پی ٹی آئی پی حکومت بناکر سب سے پہلاکام مہنگائی کا خاتمہ کریگی، ہماری تیاری مکمل ہے,صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے پورا روڈ میپ ہمارے ساتھ موجود ہے، اپنے تجربے اور کارکردگی کی بنیاد پر صوبے میں اگلی حکومت بنائیں گے۔