سوات،چوری کرنے والا 3 خواتین پر مشتمل گروہ گرفتار
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی خواتین چور گروہ گرفتار کرلیا، گرفتار خواتین سے 19تولے سونا، 99ہزار نقد رقم برآمدکرلی گئی ۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز سیدو شریف برکلے کے رہاشی نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ سیر کے لئے مالم جبہ گئے ہوئے تھے ۔ جب واپس آئے تو گھر کی کھڑکی کا جال کٹا ہوا تھا اور جب گھر میں چان بین کی تو معلوم ہوا کہ نامعلوم افراد نے گھر سے چوری کی 19تولے سونا اور نقدرقم 99000چوری کرکے لے گئے ہیں۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی لوئر سوات آصف بہادر نے ایس ڈی پی اُو سیدو شریف اسحاق خان کے نگرانی میں ایس ایچ اُو سیدو شریف رفیع اللہ اور پولیس پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی، پولیس ٹیم نے جدید سائنسی خطوط کو بروئے کار لاتے ہوئے تین رکنی بین الصوبائی خواتین چور گروہ کو گرفتار کیا، گرفتار خواتین میں مسماۃ رخسانہ زوجہ علی خان، مسماۃ محبوبہ زوجہ سلیمان، مسماۃ حضرہ زوجہ اقبال سکنہ بنوں حال بٹ خیلہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار چور گروہ سے مال مسروقہ 19تولے سونا اور 99ہزار نقد رقم برآمد کی جن کے خلاف تھانہ سیدو شریف میں مقدمہ علت 60جرم 454-380 رجسٹرڈ کرکے مزید تفتیش کے لئے شعبہ تفتیش کے حوالے کیا۔