سوات،گل کدہ کے عوام کا پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)یونین کونسل سیدو شریف کے علاقہ گل کدہ میں پانی کی قلت کے خلاف مکینوں نے سوا ت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے ڈبلیو ایس ایس سی کمپنی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنید شہاب، رحمت اللہ اور دیگر نے کہا کہ گل کدہ کے اہلیان اس جدید دورمیں بھی پانی جیسی اہم ضرورت کے لئے ترس رہے ہیں۔
گذشتہ تین ماہ سے احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں، بار بار احتجاج کرنے کے باوجود متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ گل کدہ اور خاص کر محلہ حاجی اجڑ میں گذشتہ 20روز سے پانی سپلائی مکمل طور پر بند ہے،اہلیان علاقہ پانی نہ ہونے کے باوجود باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن واسا حکام پانی کی فراہمی اور عوام کو میونسپل سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کے صبرکاپیمانہ لبریز ہو گیا ہے اس وجہ سے ڈبلیو ایس ایس سی اور متعلقہ حکام فوری طور پر گل کدہ میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کریں ورنہ علاقے کے عوام احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔