سوات، بحرین میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات کی تحصیل بحرین میں پاک فوج کی جانب سے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، میڈیکل کیمپ کا انعقاد رورل ہیلتھ سنٹر بحرین سوات میں بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) مشتاق احمد کلاسیفائیڈ میڈیکل سپیشلسٹ،پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن(PANAH) اور سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہاسپٹلز کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا۔ دو روزہ میڈیکل کیمپ میں میڈیکل، سکن، چائلڈ اور گائنی کے کلاسیفائیڈ میل فی میل ڈاکٹروں نے خصوصی شرکت کی اور تقریباً چھ ہزار تک کے مریضوں کا فری چیک اپ کیا گیا،
ان کے فری ٹیسٹ کئے گئے اور انہیں فری ادویات مہیا کی گئی۔ مریضوں میں بچے، بوڑھے،مرد وخواتین شامل تھے۔اس موقع پر بریگیڈئیر ریٹائیرڈ مشتاق احمد نے بتایا کہ فری میڈیکل کیمپ کا مقصد ان بے سہارا اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی خدمت ہے اور انہیں یہ یقین دلانا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ کیمپ کے انعقاد میں بہت سے لوگوں اور تنظیموں نے ہمارا ساتھ دیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ فری میڈیکل کیمپ آنے والے مریضوں نے بھی پاک فوج کی اس کاوش کو سراہا، متاثرین کا کہنا تھا کہ پاک فوج مشکل کے ہر وقت عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے ۔