سوات: تھانہ بنڑ پولیس کی بروقت کارروائی، چاقو کے وار سے قتل کرنے والا ملزم ایک گھنٹے میں گرفتار

سوات:بائی پاس کے علاقے میں معمولی تکرار پر نوجوان کو چاقو کے وار سے قتل کرنے والا ملزم عبد الرحمٰن عرف قاری کو تھانہ بنڑ پولیس نے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، آج دوپہر تھانہ بنڑ کی حدود میں قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ملزم عبد الرحمٰن ولد (قاری) نے معمولی تلخ کلامی کے دوران فیصل علی ولد شوکت علی سکنہ فیض آباد پر چاقو کے وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے والد کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔
ڈی پی او سوات ناصر محمود کی ہدایات پر ایڈیشنل ایس پی سوات غلام صادق خان کی سربراہی میں ایس ڈی پی او سرکل سٹی شاہی بخت اور ایس ایچ او تھانہ بنڑ حضرت حسین کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے ایک گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔