سوات: جائیداد پر قبضے کی کوشش، فائرنگ سے اقدامِ قتل کرنے والا ملزم گرفتار

سوات : گلکدہ میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ اور چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے شہری کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق، مدعی میاں سید نواب نے تھانہ سیدو شریف میں رپورٹ درج کروائی کہ وہ اپنے جائیداد کی دیکھ بھال کر رہے تھے کہ جاوید ولد بہرام اور اس کا بیٹا بلال، ساکنان تاج چوک، موقع پر آئے اور پستول سے فائرنگ کی۔ اس دوران چاقو سے بھی حملہ کیا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف روشن علی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم جاوید کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دوسرے ملزم بلال کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔