سوات: خوازہ خیلہ میں خاتون قتل کیس کے تین ملزمان گرفتار، آلہ قتل بھی برآمد

سوات: خوازہ خیلہ کے علاقے بیراڑئی میں خاتون کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ خوازہ خیلہ کو علاقے میں ایک خاتون کے قتل کی اطلاع ملی، جس پر مقتولہ کے بھائی نورالاسلام کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر قدردان باچا، دیورانی اور نظیر اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے سخت نوٹس پر ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ محمد آیاز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نظیر اللہ نے اپنے چچا اور والدہ کی ایماء پر گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی چچی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



