سوات: خوازہ خیلہ میں سوتیلی ماں کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار

سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں پولیس نے گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں سوتیلی ماں کو قتل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق، مقتولہ کے بھائی علی جان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ اس کی بہن کی سات سال قبل خکلے ولد شموزے سے شادی ہوئی تھی، مگر شوہر اور سوتیلے بیٹوں کے ساتھ گھریلو ناچاقی چلی آ رہی تھی۔ گزشتہ روز اسی تنازعے کے نتیجے میں مقتولہ کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سوات ناصر محمود کی ہدایت پر ایس پی اپر سوات شوکت علی اور ایس ڈی پی او خوازہ خیلہ جمعہ رحمٰن کی نگرانی میں ایس ایچ او زاہد شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان رحمت علی اور حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ مقتولہ کے شوہر اور مرکزی ملزم خکلے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی تیسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔