سوات: دریائے سوات میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی، دو غیر قانونی کشتیاں ضبط

سوات (نمائندہ خصوصی): ضلعی انتظامیہ سوات نے دریائے سوات میں غیر قانونی کشتی رانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو کشتیاں ضبط کر لیں۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جہاں دریاؤں میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت نہانے، کشتی رانی اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II بابوزئی طارق خان نے دریائے سوات کا معائنہ کیا، جہاں غیر قانونی کشتی رانی کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے دو کشتیاں موقع پر ضبط کر کے تحویل میں لے لی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ضبط شدہ کشتیوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی زیر غور ہے۔
انتظامیہ نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے یا غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے بچیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



