آج کی خبریںسوات کی خبریں
سوات: دریائے سوات میں غیر قانونی مائننگ پر کارروائی، مقدمات کے لیے پولیس کو مراسلے ارسال

سوات: ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے دریائے سوات میں جاری غیر قانونی مائننگ کی روک تھام کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II بابوزئی طارق خان نے دریائے سوات کا معائنہ کیا، جہاں بعض مقامات پر افراد کو غیر قانونی مائننگ میں ملوث پایا گیا۔ موقع پر موجود اہلکاروں نے شواہد اکٹھے کیے اور ملوث افراد کی نشاندہی کی۔
کارروائی کے بعد متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو مراسلے ارسال کیے گئے ہیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔
انتظامیہ کے مطابق دریاؤں اور قدرتی وسائل کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس عمل کے خلاف مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔



