سوات: سیدوشریف کی مسجد میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق، پانچ زخمی، ملزم گرفتار

سوات: سیدوشریف میں واقع اللہ اکبر مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نماز کے دوران پیش آیا، جب ایک شخص نے اچانک نمازیوں پر گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں سجاد اور محمد اکبر جاں بحق ہوگئے، جبکہ پانچ نمازی زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد نمازیوں اور مقامی افراد نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو کر لیا، جسے بعد میں پولیس نے عوامی بھیڑ سے چھڑا کر حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فضل ہادی ولد اکبر خان سکنہ شگئی سیدوشریف کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سیدوشریف اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہ ہوسکے۔