سوات: سینٹر ہسپتال کو ڈی ایچ کیو کا درجہ جبکہ ٹیچنگ ہسپتال کو ایم ٹی آئی میں بدلنے کا متوقع فیصلہ، نوٹیفیکیشن جلد جاری ہوگا۔

سیدو شریف (حارث خان ) سوات میں سینٹر ہسپتال کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) کا درجہ دینے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
چند ماہ قبل میڈیکل کالج میں منعقدہ جرگے میں سابق صوبائی وزیر فضل حکیم یوسفزئی کی سربراہی میں ایم این اے سلیم الرحمن، ڈیڈک چیئرمین اختر علی خان، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی تھی۔ جرگے میں سوات کے اسپتالوں کے انتظامی ڈھانچے پر مشاورت کی گئی اور متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ سینٹر ہسپتال کو ڈی ایچ کیو کا درجہ دیا جائے، جبکہ سیدو ہسپتال کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی) میں شامل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق ایم پی اے فضل حکیم یوسفزئی نے پشاور میں صوبائی حکام سے ملاقاتیں کیں اور متعلقہ تجاویز پیش کیں، جن پر حکومتی سطح پر اصولی اتفاق ہو چکا ہے۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد ضلع میں سرکاری صحت کے نظام سے متعلق اہم تبدیلیاں متوقع ہوں گی۔



