سوات میں امن و امان کی صورتحال پر نظر ہے، ادارے متحرک ہیں، فضل حکیم خان
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے سوات میں امن و امان کی صورتحال پر نظر ہے اور اس سلسلے میں ادارے متحرک ہیں، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی، عوام اور ادارے ملک کر ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد خاک میں ملا دیں گے، دور بدل چکا اب ویسے حالات نہیں پیدا کئے جاسکتے جیسے پہلے ہوا، اداروں کی استعداد اور عوامی سپورٹ میں بڑی تبدیلی ائی ہے، ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں اور اس ضمن میں ہر قسم کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں مختلف وفود سے ملاقات میں کیا۔ مختلف عوامی نمائندوں اور عوام نے وفود کی شکل میں ان سے ملاقات کی۔چئیر مین ڈیڈیک سوات کا کہنا تھا کہ بڑی قربانیاں دے کر سوات کا امن بحال کیا گیا ہے اور یہاں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کا راستہ پہلے بھی روکا تھااب بھی روکیں گے۔ وفود سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور بدامنی کی وجہ سے ماضی میں ضلع پسماندگی کا شکار ہوا، پچھلے کئی سالوں کی بھرپور محنت سے ضلع میں ترقی کا دور شروع ہوا جس کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئی جہت دی اور سوات کو پھر سے قومی اور بین الاقوامی سیاحت کے ساتھ ساتھ انویسٹمنٹ کا مرکز بنایا۔ سیاحتی ڈھانچے کو حالیہ سیلاب نے نقصان پہنچایاہے مگر حکومت بحالی اقدامات کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔