سوات میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اجلاس

حکومت خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ، سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور سیاحتی مقامات کی پائیدار ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آج کمشنر آفس ملاکنڈ ڈویژن کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، ملک عدیل اقبال نے کی۔ اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد، سیکرٹری محکمہ ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع سوات کے اہم سیاحتی مراکز بشمول کالام، بحرین، مدین، اُشو، اُتروڑ، مالم جبہ اور دیگر مقامات پر سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ، سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی و ستھرائی، صحت و ہنگامی خدمات، سڑکوں کی بہتری، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ، خوراک کے معیار اور سیاحتی شعبے کو درپیش دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز سوات و بر سوات، سلیم جان مروت ، سہیل احمد ڈی پی او سوات عمرگنڈا پور،پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، محکمہ صحت، محکمہ مواصلات و تعمیرات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ جنگلات، محکمہ وائلڈ لائف، تحصیل میونسپل انتظامیہ، فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی، محکمہ ہلتھ ریسکیو 1122 اور ہوٹل ایسوسی ایشن سوات و کالام کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد سیاحتی شعبے کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانا، سیاحوں کے لیے سہولیات میں مزید بہتری لانا اور سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے سیاحتی مقامات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید پرکشش بنانا تھا۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سوات، اپر سوات، لوئر و اپر چترال، دیر اور دیگر سیاحتی علاقوں میں سیاحت کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی کے نظام اور مالی و انتظامی امور سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہر ممکن انتظامی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت سیاحت کے شعبے کو صوبے کی معاشی ترقی کا اہم ستون بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالام روڈ کی بروقت تعمیر و بحالی، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے، نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی و ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت سیاح دوست پالیسیوں، بہتر انفراسٹرکچر، محفوظ سفری ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے سوات کو بین الاقوامی معیار کی سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا



