سوات میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کا جائزہ، ڈی پی او کی افسران کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

سوات : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی زیر صدارت سوات میں مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ان کی واپسی کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد نصیر، ایس ایچ اوز تھانہ بنڑ، رحیم آباد اور سیدو شریف، ڈی ایس بی انچارج اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سوات میں مقیم افغان مہاجرین کی تفصیلات، ان کی واپسی کے عمل اور متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مہاجرین کو افغان کیمپوں تک منتقل کرنے کے اقدامات مکمل کیے جائیں۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ واپسی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں۔



