سوات میں یوم مزدور کے حوالے سے تقاریب اور ریلیاں منعقد
زما سوات(یکم مئی2019ء)سوات میں بھرپور طریقے سے یوم مزدور منایا گیا،ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے،شرکاء نے مزدوروں کی اجرت بڑھانے اورجائز حقوق دلانے کا مطالبہ کیا،اس سلسلے میں رحیم آباد میں متحدہ لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام مزدورڈے منایا گیا جس میں صوبہ بھر سے مزدوروں اوران کے رہنماؤں نے جلوسوں اور قافلوں کی شکل میں شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متحدہ لیبر فیڈریشن کے صوبائی محمداقبال خان،چیئرمین اجملی خان،جنرل سیکرٹری محمد نبی،ضلعی صدر عبدالودود،نائب صدر محمد نوشاد،جنرل سیکرٹری زین العابدین اور دیگر نے کہاکہ مزدورکی اجرت کو ایک تولے سونے کے برابر کرکے ٹھیکیداری سسٹم کو ختم کیا جائے جبکہ مہنگائی کے تناسب سے پنشن اور اجرت میں اضافہ کیا جائے،انہوں نے کہاکہ ورکنگ فوکس گرائمرسکول کے بچوں کو بروقت کتابوں،یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنانے اور مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کی مشکلات اور مسائل میں کمی آسکے،انہوں نے کہاکہ مزدور کافی عرصہ سے اپنے حقوق کیلئے آوازاٹھارہے ہیں مگر ان کے ساتھ صرف خالی خولی وعدے ہورہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی نے تاحال عملی اقدامات نہیں اٹھائے جو نہ صرف قابل افسوس بلکہ ایک قابل مذمت امر بھی ہے،انہوں نے کہاکہ اس وقت اکثریتی کارخانے بیگار کیمپوں کی شکل اختیار کرچکے ہیں جہاں پر نہ تو اوقات کار کیلئے وضع کردہ قوانین کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ ہی مزدوروں کی ضروریات اورمشکلات کا کسی کو احساس ہے،انہوں نے کہاکہ مزدوروں کو ملازمت دیتے وقت شرائط کے تحت تقرر نامے نہیں دئے جاتے،ٹھیکیداری سسٹم میں مزدوروں کو غلام کی طرح رکھا جاتا ہے جن سے مقررہ اوقات کار سے زیادہ ڈیوٹی لی جاتی ہے اوران کا استحصال کیا جاتاہے لہٰذہ حکومت ٹھیکیداری نظام پر مکمل عائد کرے،انہوں نے کہاکہ مزدورکو سہولیات فراہم کرنے والا ورکرزویلفیئربورڈ شدید بحرانوں کی زد میں ہے،نہ مزدوروں کو مراعات ملتی ہیں اور نہ ہی ان کی بچیوں کو جہیز گرانٹ مل رہی ہے جس کے سبب انہیں شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کے مسائل کے حل اور انہیں سہولیات ومراعات فراہم کرنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات اٹھائے تاکہ انہیں سکھ کی سانس نصیب ہوسکے،واضح رہے کہ مینگورہ شہرسمیت سوات کے دیگر علاقوں یں بھی یوم مزدور منایا گیا اور اس سلسلے میں تقریبات منعقدہوئیں۔