سوات پولیس نے سال2020 میں قتل کے مقدمات میں ملوث 285 ملزمان گرفتار کئے
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات پولیس نے سال 2020ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ ڈی پی او دفتر سے جاری بیان کے مطابق پولیس کے ضلعی سربراہ قاسم علی خان کی ہدایت پر سوات پولیس نے سماج دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے قتل کے مختلف مقدمات میں ملوث285 ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کیا۔ 13 اندھے قتل کے مقدمات کو جدید سائنسی خطوط کے ذریعے ٹریس کرکے ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچایا۔ اقدامِ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 241 ملزمان کو آلہ ضرر سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ چوری کے مختلف مقدمات میں ملوث 178 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مالِ مسروقہ 11 عدد گاڑیاں برآمد کرلی گئیں جبکہ ضلع ہذا میں مختلف مقامات سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 113 عدد مختلف برانڈ موٹرسائیکل برآمد کر لیے ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2108 ملزمان کو گرفتار کی گیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر679 کلوگرام چرس، 55 کلوگرام ہیروین، 5 کلو گرام افیون، 3 کلو گرام آئس اور 5123 لیٹر شراب برآمد کیا گیا۔ غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 1344 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 60 کلاشنکوف، 36 رائفل، 398 بندوق، 1271 پستول اور 44806 عدد کارتوس، 3عدد ہینڈ گرنیڈ، 84 عدد خنجر، 14عدد مارٹر گولہ اور 4کلو بارود برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔