سوات: ڈپٹی کمشنر کا لائیوسٹاک دفتر اور ویٹرنری ہسپتال کا دورہ، جدید طبی و تشخیصی آلات فراہم

سوات: ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے محکمہ لائیوسٹاک کے ضلعی دفتر اور سول ویٹرنری ہسپتال سیدو شریف کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اقدام کے تحت محکمہ کو جدید طبی، تشخیصی اور دفتری آلات فراہم کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک سوات ڈاکٹر سربلند خان نے ڈپٹی کمشنر سوات کا استقبال کیا۔ دورے کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور سرسبز سوات کے لیے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اقدام کے تحت ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے محکمہ لائیوسٹاک کو جدید آلات فراہم کیے گئے، جن میں مائیکروسکوپس، ملک لیکٹوسکین مشینیں، ہیماٹالوجی اینالائزر مشین، ریفریجریٹرز، فرنیچر اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے فراہم کردہ آلات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے ان کے استعمال، افادیت اور دیکھ بھال سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید آلات کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ مویشی پال حضرات کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سربلند خان نے محکمہ کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی ویٹرنری سہولیات، دستیاب وسائل اور ضروریات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی، جبکہ سینئر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر سردار علی نے جانوروں کے علاج، بیماریوں کی روک تھام، ویکسینیشن اور تشخیصی سہولیات سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے محکمہ لائیوسٹاک کے افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جانوروں کے علاج، تشخیص اور دیگر سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹر ویٹرنری ہسپتال چارباغ، سول ویٹرنری ڈسپنسری کوٹلئی، ٹینڈوداگ اور دیگر مراکز کے لیے بھی ضروری سامان فراہم کیا گیا تاکہ دور دراز علاقوں میں مویشی پال افراد کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ لائیوسٹاک کا شعبہ ضلع کی معیشت، دیہی آبادی کے روزگار اور غذائی ضروریات میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ مویشی پال حضرات کو جدید اور معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اقدام کا مقصد سرکاری اداروں کو ضروری وسائل فراہم کرکے ان کی کارکردگی بہتر بنانا اور عوام کو مؤثر و معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔



