سوات: کالام روڈ کی خستہ حالی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس، فوری بحالی کیلئے وفاق کو مراسلہ

سوات (عارف احمد) وادی سوات کے اہم سیاحتی علاقے کالام کو جانے والی این-95 شاہراہ کی خستہ حالی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر مواصلات کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے سڑک کی فوری بحالی اور باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 2022 کے سیلاب کے دوران این-95 کالام روڈ سات مختلف مقامات پر شدید متاثر ہوئی تھی، جبکہ عارضی بحالی کے باوجود سڑک کے متعدد حصے دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث مقامی آبادی، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو روزمرہ سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مراسلے میں نشاندہی کی کہ کالام سوات اور خیبرپختونخوا کے اہم ترین سیاحتی مقامات میں شامل ہے، جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ سڑک کی موجودہ صورتحال نہ صرف سیاحوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے بلکہ مقامی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ این-95 کالام روڈ پر باقی ماندہ تعمیراتی کام سیاحتی سیزن کے دوران مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی پیشکش کی کہ اگر وفاقی حکومت کو مالی یا انتظامی مشکلات درپیش ہوں تو صوبائی حکومت کو این او سی جاری کیا جائے تاکہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے وسائل سے منصوبہ مکمل کر سکے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق این-95 کالام روڈ کی بحالی سوات میں سیاحت کے فروغ، عوامی سہولت اور علاقائی رابطوں کے لیے ناگزیر ہے۔



