سوات: کبل ڈڈھارہ میں غریب کسان کا کھیتوں کی آبپاشی کے لیے بنایا گیا سولر سسٹم اور ٹیوب ویل آتشزدگی کی نذر

سوات (نامہ نگار) تحصیل کبل کے علاقے ڈڈھارہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ نے ایک غریب کسان کا کھیتوں کی آبپاشی کے لیے بنایا گیا سولر سسٹم اور ٹیوب ویل مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے 10 سے 12 لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، حسین احمد ولد حافظ عبدالقیوم سکنہ ڈڈھارہ، حال امانکوٹ، نے اپنی زمین کی آبپاشی اور روزگار کے لیے ایک ٹیوب ویل لگایا تھا اور بجلی کے زیادہ اخراجات سے بچنے کے لیے ایک ہفتہ قبل سولر سسٹم نصب کروایا تھا۔ سولر سسٹم خریدنے کے لیے اس نے اپنا سونا اور دیگر ضروری سامان فروخت کرکے رقم جمع کی تھی۔ تاہم، عید کے بعد ٹیوب ویل کے افتتاح سے قبل ہی آج صبح اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی لمحوں میں پورے نظام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور مقامی افراد نے آگ بجھانے کی کوشش کی، مگر آگ پر قابو پانے تک سولر سسٹم اور ٹیوب ویل مکمل طور پر خاکستر ہو چکے تھے۔ مقامی افراد نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکومت اور مخیر حضرات سے مطالبہ کیا ہے کہ غریب کسان کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنا روزگار دوبارہ بحال کر سکے۔