سوات کی ٹرانسپورٹروں نے خصوصی پیکج اور ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا
سوات ( زما سوات ڈاٹ کام) سوات کی ٹرانسپورٹ برادری نے حکومت سے خصوصی پیکج کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ٹرانسپورٹ فیڈریشن ملاکنڈڈویژن کے صدرخائستہ باچا، نائب صدر میاں محمداقبال، عبداللہ، افضل خان، مکرم خان، عمرعلی، حاجی حکیم، نصری خان اور سید غفور، حسین شاہ نے ٹرانسپورٹروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دومہینوں سے ٹرانسپورٹرز اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ مزدوروں کو شدید پریشانی اورمشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے کہا کہ دومہینوں سے جنرل بس سٹینڈ سمیت دیگر اڈہ جات بند پڑے ہیں اور جنرل بس سٹینڈ سمیت دیگر اڈہ جات کا کرایہ کہاں سے لائیں۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ اب ٹرانسپورٹروں پریہ کرایہ بوجھ ہے، لہٰذا ان کو یہ کرایہ معاف کیاجائے، انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن کے ٹرانسپورٹرز روزانہ حکومت کو مختلف مدوں میں 20لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ اب چونکہ ہم پر مشکل وقت آگیاہے لہٰذا حکومت ہمارے ساتھ تعاؤن کریں اور ہمیں ریلیف دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ ڈرائیورز کنڈیکٹرز اور دیگر مزدور طبقہ جو کہ ڈیلی ویجزپر کام کرتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر محنت کرکے رزق حلال کماتے ہیں لیکن گذشتہ دومہینوں سے ان کایہ ذریعہ معاش بھی بند پڑا ہے۔ لہٰذا حکومت ان کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری دے کر ہمارے ساتھ تعاون کریں۔