آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات کے حلقہ پی کے7 میں ضمنی انتخابات، عوامی نیشنل پارٹی کا پلڑا بھاری

سوات(عدنان باچا ) سوات کے حلقہ پی کے7 میں ضمنی انتخابات اتوار 26جوں کو ہوں گے جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، حلقہ میں اے این پی کے امیدوار کو برتری حاصل ہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار نے بھی انتخابی مہم تیز کردی ہے ۔

سوات کے اس حلقہ پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار وقارخان 2018 کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے، 30 اپریل کو وقار خان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد یہ نشست خالی رہ گئی تھی ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ پر ضمنی انتخابات کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ باقاعدہ پولنگ 26 جون کو ہوگی ۔

ضمنی انتخابات کے لئے عوامی نیشنل پارٹی نے مرحوم وقار خان کے چچا خان نواب کو ٹکٹ دے دیا جس کے مقابلے میں دیگر پارٹیوں نے اپنے امیدوار کھڑے نہیں کئے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے فضل مولا اور دو آزاد امیدوار اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن،جمیعت علماء اسلام، قومی وطن پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے مذکورہ خاندان سے اظہار ہمدردی کے طور پر اپنے امیدواروں کو دستبردار کردیا ہے۔

پی کے 7 کے ضمنی انتخابات پر اے این پی کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے کیونکہ ایک طرف دیگر پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ دوسری جانب مذکورہ خاندان نے اپنی خدمات اورامن کی بحالی کے لئے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔

سینئیر تجزیہ نگار نیاز خان کا کہنا ہے کہ مرحوم وقار خان کے خاندان نے بہت قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی ہمدردیاں اُن کے ساتھ ہیں جبکہ دوسری جانب دیگر پارٹیوں کی حمایت بھی اے این پی کے امیدوار کا پلڑا بھاری کر رہی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اے این پی کے امیدوار ہی جیتیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے بھی اپنے امیدوار فضل مولا کے لئے انتخابی مہم تیز کردی ہے، سابق وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزراء محب اللہ خان بھی اس مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

حلقہ پی کے 7 میں زیادہ تر تحصیل کبل کے علاقے شامل ہیں جنہیں تحریک انصاف کا گڑھ بھی مانا جاتا ہے ۔ صحافی رفیع اللہ خان کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت اور خصوصی طور پر مراد سعید نے مزکورہ حلقہ میں بہت سے ترقیاتی کام کئے ہیں جن کا فائدہ ان کو ضرور پہنچے گا البتہ اے این پی کے امیدوار کو فیورٹ مانا جا رہا ہے ۔

سوات کے حلقہ پی کے 7 میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد183308 ہیں جس میں 102088 مرد اور81220 خواتین ووٹرز ہیں۔ الیکشن کمیشن سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق حلقہ میں کل 124پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مردوں کے 30، خواتین کے28 اور مشترکہ پولنگ اسٹیشنز66 ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنز میں 39 حساس اور 27 حساس ترین قرار دئے گئے ہیں جس کی سیکورٹی کے لئے پولیس کی جانب سے بھی لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button