سوات کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی، سینکڑوں لیٹر مضر صحت دودھ ضائع کردیا گیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ضلع سوات میں غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کا ضلع میں داخلہ و فروخت روکنے کے لیے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو نے مشترکہ نگرانی کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع کے داخلی راستوں پر جدید موبائیل لیبارٹری کے ذریعے باقاعدگی سے ناکہ بندیاں شروع کردی گئی ہے جہاں جدید موبائل لیب کے ذریعے خوراکی اشیاء کو ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گذارا جارہا ہے۔ مشترکہ ناکہ بندی کے تحت گزشتہ دنوں رات گئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اتھارٹی بلال اور فوڈسیفی آفیسرز وقاص محمود اور طلحہ نے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر افراسیاب کے ہمراہ آنے والے دودھ ٹینکرز اور خوراکی اشیاء کا معائنہ کیا۔ ضلع میں داخل کئے جانے والے دودھ کا معیار جانچنے کیلیے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جدید لیبارٹری کے ذریعے معائنہ کیا گیا۔ ملاوٹ پانے پر کئی لیٹر دودھ کو موقع پر ضائع کیا گیا جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ مالکان کے خلاف فوڈسیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں خوراک کی ترسیل سے وابستہ گاڑیوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ڈپٹی ڈایریکٹر فوڈ اتھارٹی اسد قاسم کا کہنا ہے کہ سوات آنے والے تمام خوراکی اشیاء کے معائنے کیلئے چیک پوسٹیں قائم کی گء ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضر صحت اور ملاوٹی اشیاء کے مکمل خاتمے کیلیے سخت کاروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جبکہ سکولوں کے اطراف میں مضر صحت اشیاء کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک سے وابستہ کاروباری حضرات کو چار سال مسلسل آگاہی دی گئی۔ آگاہی کے بعد اب ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کی کہ اپنے ارد گردایسے عناصر کی موجودگی کی نشاندہی کریں تاکہ ضلع میں ملاوٹ مافیا کا قلع قمع کیا جاسکے۔