سیدو شریف اسپتال میں او پی ڈی کی پرچی حاصل کرنا مشکل ہوگیا، لمبی لمبی قطاروں نے مریضوں کو خوار کردیا
سوات ( زما سوات ڈاٹ کام ) سیدو شریف اسپتال میں او پی ڈی کمپیوٹرائز کرنے کے بعد مریض خوار ہونے لگے، شدید گرمی میں گھنٹوں انتظار کرتے ہوئے متعدد مرد و خواتین بے ہوش ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق سیدو شریف ٹیچنگ اسپتال میں نئے تجربات نے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، او پی ڈی کمپیوٹرائز کرکے مریضوں کو شناختی کارڈ اور موبائل نمبر پر پرچی دی جارہی ہے جس میں گھنٹوں لگ رہے ہیں، لوگوں کا کہنا ہے کہ او پی ڈی کے سامنے ایک پرچی کے لئے گھنٹوں قطار میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، شدید گرمی میں قطار میں کھڑے ہونا اذیت میں مبتلا کردیتا ہے، کئی خواتین اور مرد بے ہوش ہو جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پرچی دینے کے لئے صرف ایک کاونٹر موجود ہے جس میں پرچی دینے کی رفتار انتہائی سست ہے، پہلے جہاں چار سو سے چھ سو افراد پرچی وصول کرتے تھے اب صرف دن میں دو سو افراد پرچی حاصل کرپاتے ہیں اور باقی واپس لوٹ جاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اسپتال انتظامیہ نئے تجربات کررہی ہے تو کاونٹر بھی زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں تاکہ لوگوں کا وقت ضائع نہ ہو اور علاج بھی ہو سکیں۔