سوات: سیدو شریف ہسپتال کی پارکنگ میں بے ضابطگیاں اور سیکورٹی مسائل، شہریوں کی شدید شکایات

سوات کے سیدو شریف ہسپتال کی پارکنگ میں طویل عرصے سے بدانتظامی، زائد فیسوں کی وصولی اور سیکورٹی کے مسائل کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق موٹر سائیکل کی سرکاری پارکنگ فیس 20 روپے اور گاڑی کی 30 روپے مقرر ہے، تاہم پارکنگ عملہ مبینہ طور پر فی گاڑی 50 روپے وصول کر رہا ہے۔
عوام نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کے سائیڈ میررز، بیٹریاں اور دیگر سامان کے چوری ہونے کے واقعات عام ہو چکے ہیں، جبکہ عملہ کسی نقصان کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔ پارکنگ میں مناسب سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث شہری اپنی گاڑیاں خدشات کے ساتھ کھڑی کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارکنگ کا معاہدہ جون میں ختم ہو چکا ہے، تاہم نہ نیا معاہدہ کیا گیا ہے اور نہ ہی پارکنگ سسٹم کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے باوجود پارکنگ عملہ فیس وصول کر رہا ہے، جس پر شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ بغیر معاہدے کے فیس کس اختیار کے تحت لی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری پارکنگ فیس کے نمایاں بورڈز نصب کیے جائیں، زائد رقوم کی وصولی روکی جائے، سیکورٹی بہتر بنائی جائے اور معاہدے کے بغیر جاری فیس وصولی کا نوٹس لیا جائے۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر بدانتظامی کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔



