شانگلہ میں نو عمر نوجوان کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کا واقعہ، پولیس کی کارروائی میں ملزم گرفتار

شانگلہ میں ایک نو عمر نوجوان کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یہ واقعہ عوامی حلقوں میں شدید تشویش کا باعث بنا، جس پر شہریوں نے بڑی تعداد میں شانگلہ پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر شکایات درج کروائیں۔ ڈی پی او شانگلہ عمران خان نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او الپوری احسان اللہ کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی اور واقعے کی مکمل چھان بین کے احکامات جاری کیے۔
پولیس نے تفتیش کے دوران ملزمان کی شناخت انعام اللہ ولد سربالی اور لطیف اللہ ولد تاج خان ساکنان نیڑے درہ کے طور پر کی۔ پولیس کارروائی میں مبینہ طور پر ویڈیو بنانے والے لطیف اللہ ولد تاج خان کو موبائل سمیت گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مرکزی ملزم انعام اللہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ان کے خلاف تھانہ الپوری میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او شانگلہ عمران خان نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی بھی طرح کے غیر اخلاقی یا غیر قانونی کاموں میں ملوث ہونے سے بچ سکیں۔ پولیس کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔