شانگلہ: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سہولیات کے فقدان کا شکار، عوام پریشان
شانگلہ (زما سوات): ضلع شانگلہ کا واحد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال علاج معالجے کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر خود اپنی بحالی کا منتظر ہے۔ ہسپتال میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 14 آسامیاں گزشتہ دو سال سے خالی ہیں، جبکہ اس وقت صرف تین اسپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں جو محدود وسائل کے ساتھ خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
اسپتال میں ادویات کی قلت نے مریضوں اور ان کے لواحقین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ضلع شانگلہ کی تقریباً 8 لاکھ
90 ہزار آبادی کا انحصار اسی ہسپتال پر ہے، لیکن سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریضوں کو مجبوراً سیدو شریف ہسپتال سوات یا پشاور منتقل کرنا پڑتا ہے۔
مقامی عوام نے ہسپتال کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور مرکزی حکومت سے فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر ہسپتال میں ضروری سہولیات، ادویات، اور اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تو علاقے کے مریضوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکتی ہیں۔
حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہسپتال کو فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو اپنے علاقے میں ہی علاج کی سہولت فراہم ہو سکے۔