شاہد خاقان عباسی کا بر سوات کا دورہ، آئین و قانون کی بالادستی میں وکلا کے کردار پر زور

برسوات: سابق وزیراعظم اور پاکستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر شاہد خاقان عباسی نے بر سوات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مٹہ میں ڈسٹرکٹ بار برسوات کا دورہ کرکے وکلا اور علاقے کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔
ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے آئین اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کے قیام میں وکلا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں نظام اور رول آف لاء نہیں ہوگا تو ملک درست سمت میں نہیں چل سکے گا، اس لیے وکلا کو اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے وکلا اور علاقہ عمائدین سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ ملکی صورتحال، عوامی مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔



