صوبہ بھر کے درجۂ چہارم ملازمین کا 30 اپریل کو احتجاج کا اعلان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 21 اپریل 2019ء) صوبہ بھر کے درجۂ چہارم ملازمین نے 30 اپریل کو صوبائی سطح پر احتجاج کا اعلان کردیا۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ اسلام آباد تک پھیلائیں گے۔ اس حوالے سے آل درجۂ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن کے صوبائی صدراکبرخان مومند، جنرل سیکرٹری اشفاق احمدخٹک اورضلعی صدر سیدخطا ب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ تبدیلی کے نام پر قائم حکومت نے مہنگائی کو ختم کرنے کے دعوے تو بہت کئے، مگر انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا۔ تاہم مہنگائی میں مزید اضافہ کرکے عوام کا جینا محال کردیا۔ انہوں نے کہاکہ درجۂ چہارم ملازمین بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بری طرح متاثرہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ہر فورم پر آوازاٹھائی، مگر حکومت نے کسی قسم کی توجہ نہیں دی۔ اس لئے مایوس ہوکر صوبائی سطح پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی روشنی میں تیس اپریل کو صوبائی سطح پر احتجاج ہوگا، جس میں تمام اضلاع سے درجۂ چہارم ملازمین قافلوں کی شکل میں شرکت کریں گے۔ اگر اس احتجاج کے نتیجے میں بھی مسئلہ حل نہیں ہوا، تو پھر اسلام آبادمیں احتجاج کیلئے پروگرام بنائیں گے.