عوامی مسائل کے حل کے لئے گاؤں وینئی مٹہ میں کھلی کچہری کا انعقاد
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کے انعقاد کابنیادی مقصد سرکاری محکموں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا، عوامی مسائل کو بروقت حل کرنا اور عوام اور سرکاری ملازمین کے درمیان فاصلے مٹانا ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق سرکاری محکموں کے افسروں کو عوام کے دہلیز پر پہنچ کر ان کے مسائل سے اگاہی حاصل کرنا اور تمام تر سہولیات فراہم کرنا ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل مٹہ کے گاؤں شہیدانووینئی میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ضلع بھر کے تمام محکموں کے افسران کے علاوہ معززین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی معززین علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو اپنے کئی اجتماعی اور انفرادی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل علاقے کے تعلیم، صحت، پانی، گیس، بجلی اور سڑکوں سے متعلق تھے ڈ ی سی سوات نے وینئی کے باشندوں کے مسائل غور سے سنے، بعض مسائل جو ضلعی انتظامیہ کے دائرہ کار میں تھے، کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ دوسرے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔