فضل حکیم،سلیم الرحمن اور شاہد علی کے خلاف دہشت گردی و بغاوت کا مقدمہ درج
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے سلیم الرحمن، سابقہ ایم پی اے فضل حکیم اور سٹی مئیر شاہد علی کے خلاف دہشت گردی اور بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مینگورہ سوات میں 9 مئی کو احتجاج کے دوران تشدد پر اکسانے والے پی ٹی آئی کے تین مقامی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او کی شکایت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ایم این اے سلیم رحمان، ڈیڈک کمیٹی کے سابق چیئرمین فضل حکیم خان اور سوات سٹی کے میئر شاہد علی خان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور افسران کے بچوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے دفعہ 500/505,120B,124A اور 7ATA شامل ہیں۔ فضل حکیم خان نے میڈیا کو اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور اداروں کے خلاف نہیں، پھر بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہمیں احتجاج کی اجازت دیتا ہے، ہمیں پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ہمارے بیانات کو توڑ مروڑ کر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔