مالم جبہ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ، بروقت کارروائی سے سڑک ٹریفک کے لیے بحال

سوات: شدید بارش کے دوران مالم جبہ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک پر ملبہ آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے سڑک کو بحال کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارباغ اسد محسود نے فوری اقدامات کرتے ہوئے پروونشل روڈز امپروومنٹ پراجیکٹ کے کنٹریکٹر کو موقع پر طلب کیا، جس کے بعد بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



