مالم جبہ: “سوات سنو فیسٹیول 2026” شاندار اختتام کے ساتھ کامیابی سے مکمل

ضلع سوات کے معروف سیاحتی مقام مالم جبہ سکی ریزورٹ میں منعقدہ تین روزہ “سوات سنو فیسٹیول 2026” رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول کا انعقاد ضلعی انتظامیہ سوات، پاک فوج، مالم جبہ سکی ریزورٹ اور اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔
فیسٹیول کا مقصد سوات میں ونٹر ٹورازم کو فروغ دینا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور خطے کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا تھا۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران جونیئر و سینئر سکیئنگ، سنو بورڈنگ، سنو ریس اور رسہ کشی کے مقابلے منعقد ہوئے، جبکہ روایتی اتنڑ سمیت علاقائی ثقافتی رقص نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر مقامی کھانوں، دستکاری، شالوں اور ہینڈی کرافٹس کے اسٹالز بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
اختتامی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل سید عمر احمد بخاری، آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا، کمانڈر 6 بریگیڈ سوات، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ، ڈپٹی کمشنر سوات اور ڈی جی اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فیسٹیول کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا، خصوصاً سیاحوں کی سہولت، برف ہٹانے، ٹریفک کی روانی اور انتظامی معاونت کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوات میں سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کی بہتری کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔



